ہاکی ورلڈکپ:20 بہترین کھلاڑیوں کے انتخاب پر اتفاق
ریزرو کھلاڑی قومی ہائی پرفارمنس پروگرام کا بھی لازمی حصہ رہیں گے انٹرنیشنل کوچز ہر ریزرو کھلاڑی سے انفرادی طور پر ملاقات بھی کر ینگے
لاہور(سپورٹس ڈیسک )ہاکی ورلڈکپ کے فائنل سکواڈ کیلئے 20 بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے پر اتفاق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی سلیکشن کمیٹی کا ایک تفصیلی اجلاس ہوا جس میں صدر محی الدین احمد وانی، چیئرمین سیلیکشن کمیٹی اولمپین سمیع اللہ خان، ممبر سلیکشن کمیٹی اولمپین ناصر علی، انٹرنیشنل کوچنگ سٹاف نے شرکت کی ،اجلاس کے دوران، کوچز نے ہائی پرفارمنس ٹیم کے تیار کردہ ایک منظم تشخیصی معیار کی بنیاد پر ہر کھلاڑی کی جامع کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔انٹرنیشنل کوچز نے سلیکشن کمیٹی کو ہر کھلاڑی کی تکنیکی، تزویراتی (ٹیکٹیکل)، جسمانی اور نفسیاتی خصوصیات کے بارے میں بریفنگ دی۔یہ بات چیت تعمیری، شفاف اور شواہد پر مبنی تھی، جس کی بدولت شارٹ لسٹ کیے گئے تمام کھلاڑیوں کا غیر جانبدارانہ موازنہ ممکن ہوا۔طویل غور و خوض کے بعد فائنل سکواڈ کے لیے بہترین 20 کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے پر اتفاق رائے قائم ہوا جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو ریزرو پول میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ یہ ریزرو کھلاڑی قومی ہائی پرفارمنس پروگرام کا ایک لازمی حصہ رہیں گے ۔انٹرنیشنل کوچز ہر ریزرو کھلاڑی سے انفرادی طور پر ملاقات کریں گے تاکہ انہیں ان کی کارکردگی اور پوزیشن کے بارے میں تفصیلی فیڈ بیک دے سکیں، انتخاب کے عمل کے پیچھے کارفرما وجوہات کی وضاحت کر سکیں اور ان مخصوص شعبوں کی نشاندہی کر سکیں جن میں بہتری درکار ہے ۔ان انفرادی نشستوں کا مقصد کھلاڑیوں کی چھوٹی موٹی خامیوں کو دور کرنے میں مدد کرنا اور انہیں ایشین گیمز کے قومی کیمپ ٹرائلز کے لیے تیار کرنا ہے جو ہاکی ورلڈ کپ کے فوراً بعد شروع ہونگے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments