طلبہ نے سب سے بڑا ریموٹ کنٹرول کاغذی جہاز بنا لیا
بیجنگ(نیٹ نیوز)چین میں ہائی سکول کے طلبہ کی ایک ٹیم نے حال ہی میں دنیا کا سب سے بڑا ریموٹ کنٹرول کاغذی جہاز بنا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
شین ژین ژیلی مڈل سکول کے طلبہ کے ایک گروپ نے تقریباً چھ ماہ کی محنت کے بعد ایک دیوہیکل مگر مکمل طور پر فعال آر سی کاغذی جہاز تیار کیا۔6.06 میٹر چوڑے پروں اور 5.06 میٹر لمبے فیوز لیگ کے ساتھ دنیا کے سب سے بڑے آر سی کاغذی جہاز کا اس ماہ کے آغاز میں کامیاب تجربہ کیا گیا۔ یہ جہاز تقریباً 15 منٹ تک فضا میں پرواز کرتا رہا اور پھر کامیابی سے زمین پر لینڈ کر گیا۔اس منصوبے کے چیف ڈیزائنر اور پائلٹ ژو جونجیے نے اپنے کام کے بارے میں صحافیوں کو بتایا کہ ہم صرف کاغذی ہوائی جہاز کے سب سے بنیادی اصولوں کو استعمال کرنا چاہتے تھے اور انہیں انجینئرنگ ٹیکنالوجی کے ساتھ ملا کر ایک مستحکم اور غیر معمولی طور پر بڑا ماڈل تیار کرنا چاہتے تھے ۔