مجھے میری بیوی واپس کردو ، شوہر کا انوکھا کیک وائرل
لاہور(نیٹ نیوز)سوشل میڈیا پر ایک دلچسپ اور دل موہ لینے والی ویڈیو نے صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے ، جس میں ایک شوہر اپنی اہلیہ کو سسرال سے واپس لینے کے لیے نہایت منفرد اور مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے نظر آتا ہے۔
انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شوہر ایک کیک لے کر سسرال پہنچتا ہے ، جس پر مزاحیہ انداز میں لکھا ہوتا ہے مجھے میری بیوی واپس کر دو۔ یہ منظر دیکھ کر وہاں موجود افراد کے چہروں پر مسکراہٹ بکھر جاتی ہے ۔معلومات کے مطابق خاتون 10 روز کے لیے اپنے والدین کے گھر گئی تھیں، اور جب شوہر انہیں واپس لینے پہنچا تو وہ یہ خصوصی کیک بھی اپنے ساتھ لایا، جس نے ماحول کو خوشگوار بنا دیا۔ ویڈیو میں خاتون خوشگوار موڈ میں نظر آتی ہیں جبکہ ان کی والدہ محبت بھرے انداز میں بیٹی کا ہاتھ تھام کر داماد کے حوالے کرتی دکھائی دیتی ہیں۔