دہرے ٹیکسوں و ٹیکس چوری کا خاتمہ , امریکا سمیت 6 ممالک سے معاہدوں پر نظرثانی کا فیصلہ
امریکا کے ساتھ 1956 کے معاہدے میں تبدیلی سے پاکستان کو حاصل تما م مراعات ختم ہو جائینگی ،سینئر ٹیکس حکام ، دوسرے ممالک میں سنگاپور، ہالینڈ، بحرین، سلاویک ر ی پبلک ، متحدہ عرب امارات شامل ہیں معاہدوں میں دیگرضروری ترامیم کے ساتھ ایک دوسرے کے شہریوں کے بینکنگ کھاتوں اور ان میں ہونے والی ٹرانزیکشنز کی معلومات کے تبادلے کی شقوں کو بھی شامل کیا جائے گا ،مذاکرات شروع کرنے کی منظوری
اسلام آباد ( رپورٹ:ساجد چوہدری )سینئر ٹیکس حکام کی مخالفت کے باوجود حکومت نے امریکا کے ساتھ دہرے ٹیکسوں کے خاتمے و ٹیکس چوری کی روک تھام کے معاہدے پرنظرثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سنگاپور، ہالینڈ، بحرین، سلاویک ر ی پبلک ، متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی معاہدے پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا گیا ہے ،وفاقی کابینہ نے اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی سمریاں منظور کر کے اسے ان ممالک سے مذاکرات شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے ، ان معاہدوں میں دیگر ضروری ترامیم کے ساتھ ایک دوسرے کے شہریوں کے بینکنگ کھاتوں اور ان میں ہونے والی ٹرانزیکشنز کی معلومات کے تبادلے کی شقوں کو بھی شامل کیا جائے گا ۔ذمہ دار سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان نے امریکا کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے پاک امریکا دہرے ٹیکسوں کے خاتمے کے معاہدے 1956پر نظرثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اس نظرثانی میں معاہدے کو جامع بنایا جائے گا اور نئے شعبے ایکسچینج آف انفارمیشن کو بھی معاہدے کا حصہ بنایا جائے گا ،حال ہی میں وزارت خزانہ نے پاکستان کا دورہ کرنے والے اعلیٰ امریکی حکام کے ساتھ مذاکرات میں اس معاہدے پر نظرثانی کی خواہش ظاہر کی ہے ،وزیر خزانہ آج پاک امریکا مشاورتی اجلاس میں شرکت کیلئے امریکا روانہ ہونگے ،ایک سینئر ٹیکس افسر نے روزنامہ دنیا کو بتایا ہے کہ سابق امریکی صدربش کے دورہ پاکستان کے موقع پر پاک امریکا دہرے ٹیکسوں کے خاتمے اور ٹیکس چوری کی روک تھام کے معاہدے پرنظرثانی کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم اس وقت پاکستان کے ٹیکس حکام نے موقف اختیار کیا تھا کہ کیونکہ ماضی میں طے ہونے والے اس معاہدے میں امریکا کی طرف سے پاکستان کو متعدد مراعات دی گئیں ہیں تاہم اگر اس معاہدے کو تبدیل کیا گیا تو تمام مراعات ختم ہو جائیں گی ،نئی پالیسی میں امریکا کسی بھی ملک کو مراعات نہیں دے رہا ۔