یومِ یکجہتی کشمیر، افواج پاکستان کا کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی
راولپنڈی: (دنیا نیوز) افواج پاکستان نے یومِ یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یومِ یکجہتی کشمیر پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔
جاری بیان کے مطابق مسلح افواج نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی، ماورائے عدالت قتل اور جبری گمشدگیاں اور حراستیں عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دی گئیں۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ناگزیر ہے، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے، عالمی برادری کشمیری عوام کی مدد کیلئے عملی اقدامات کرے۔
جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ افواجِ پاکستان ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے ہر دم تیار ہے، افواجِ پاکستان نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔