گوگل کا 3 کروڑ 20 لاکھ مچھر چھوڑنے کا منصوبہ تیار

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل لاکھوں کی تعداد میں مچھر چھوڑنے کا منصوبہ سامنے لے آیا جس کا مقصد بیماریوں کا خاتمہ ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل کا امریکی ریاست کیلیفورنیا اور فلوریڈا کے کچھ حصوں میں لاکھوں مچھر چھوڑنے کا منصوبہ تیار ہے، اس نے امریکی وفاقی ریگولیٹرز سے منتخب علاقوں میں 3 کروڑ 20 لاکھ خصوصی طور پر تیار کردہ مچھر چھوڑنے کی اجازت مانگی ہے۔

پروگرام کا مقصد ان مچھروں کی نسل کو نشانہ بنانا ہے جو بیماریاں پھیلانے کے ذمہ دار ہیں، منصوبے میں خاص طور پر ان جگہوں پر توجہ دی جائے گی جہاں بیماری پھیلنے کی شرح زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

محققین کے مطابق مچھروں کو ایک دم سے نہیں چھوڑا جائے گا، اس کے بجائے انہیں دو سال کے عرصے میں آہستہ آہستہ چھوڑا جائے گا تاکہ نتائج کی نگرانی کر سکیں اور حاصل ہونے والے نتائج کی روشنی میں اپنی حکمت عملی کو تبدیل کر سکیں۔

ان مچھروں کو اس طرح تیار کیا جائے گا کہ یہ بیماریوں کو آگے پھیلانے کے قابل نہیں رہیں گے، اس سے بیماریاں پھیلنے کی شرح کم ہوگی اور مچھروں کی افزائش نسل کا سلسلہ بھی ٹوٹ جائے گا۔

کیلیفورنیا اور فلوریڈا کا انتخاب اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ دونوں ریاستوں میں مچھروں کی بڑی تعداد اور ان سے پھیلنے والی بیماریوں کا ایک ریکارڈ موجود ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکام کی منظوری کے بغیر یہ منصوبہ آگے نہیں بڑھ سکتا، ریگولیٹرز یہ فیصلہ کرنے سے پہلے کہ آیا اس کے عوامی صحت کو پہنچنے والے فائدے ماحول کو ہونے والے کسی بھی خطرے سے زیادہ ہیں، مچھروں کے حفاظتی ریکارڈ، ماحول پر پڑنے والے اثرات کی رپورٹس اور نگرانی کے طریقوں کا اچھی طرح جائزہ لیں گے۔

حکام اس بات کا بھی جائزہ لیں گے کہ آیا یہ پروگرام مقامی ماحولیاتی نظام کو نقصان پہنچائے بغیر بیماریوں کو محفوظ طریقے سے کم کر سکتا ہے یا نہیں، اگر منظوری مل جاتی ہے تو گوگل مچھروں کو چھوڑے گا اور اگلے دو سالوں تک ڈیٹا اکٹھا کرے گا تاکہ اس اقدام کی افادیت کا اندازہ لگایا جا سکے۔

یہ تجویز ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب محققین مچھروں کے رویے اور بیماریوں پر قابو پانے کے طریقوں پر مسلسل تحقیق کر رہے ہیں۔

جرنل آف ایکسپریمنٹل بائیولوجی میں شائع ہونے والی ایک حالیہ تجرباتی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ مچھر عام طور پر استعمال ہونے والے مچھر بھگانے والے سپرے کی خوشبو کو خوراک کے ایک ذریعے کے طور پر یاد رکھنا سیکھ سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں