بے گھر 17 لاکھ فلسطینیوں کو پانی، رہائش، بنیادی سہولیات کی شدید قلت کا سامنا: اقوام متحدہ

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابط انسانی امور کی جانب سے جاری بے گھر افراد کی رہائش گاہوں کے تازہ جائزے کے مطابق غزہ میں بے گھر ہونے والے 17 لاکھ فلسطینی پانی، رہائش اور بنیادی سہولیات کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں، یہ تعداد فلسطین کی مجموعی آبادی کا 80 فیصد بنتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کم از کم 59 ہزار رہائشی پناہ گاہوں میں ہر ایک میں آٹھ سے زائد افراد مقیم ہیں جس سے گنجائش سے کہیں زیادہ ہجوم کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، جائزے کے مطابق تقریباً 38 ہزار 500 افراد کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہیں کیونکہ انہیں مناسب رہائش میسر نہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ زیر جائزہ علاقوں میں 6 لاکھ افراد کو پینے کے صاف پانی تک مناسب رسائی حاصل نہیں، جس کے باعث انسانی بحران مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر بنیادی ضروریات کی فراہمی اور انسانی امداد میں فوری اضافہ نہ کیا گیا تو غزہ میں بے گھر آبادی کی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں