سینٹ پیٹرزبرگ اقتصادی فورم 3 جون سے شروع ہوگا، 130 سے زائد ممالک شرکت کرینگے

سینٹ پیٹرزبرگ: (شاہد گھمن) روس کا سب سے بڑا بین الاقوامی اقتصادی ایونٹ، سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم 2026، 3 جون سے شروع ہو رہا ہے، جس میں دنیا کے 130 سے زائد ممالک اور خطوں کے نمائندوں نے شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔

فورم کو عالمی اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی مکالمے کے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، فورم کے منتظمین کے مطابق مختلف ممالک کے حکومتی عہدیدار، بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندے، کاروباری شخصیات، ماہرین، علمی حلقوں کے ارکان اور میڈیا نمائندگان اس سال کے فورم میں شرکت کریں گے۔

اس موقع پر روسی صدر ولادیمیر پوتن نے فورم کے شرکاء کے نام اپنے خیرسگالی پیغام میں کہا ہے کہ موجودہ عالمی حالات میں عملی سوچ، مساوات اور باہمی احترام پر مبنی مکالمہ پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گیا ہے، روس ہمیشہ عالمی معیشت کا ایک اہم حصہ رہا ہے اور ان تمام شراکت داروں کے ساتھ تعمیری تعاون کے لیے تیار ہے جو منصفانہ اور طویل المدتی تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں۔

صدر پوتن نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ فورم کے دوران ہونے والی گفتگو اور تجاویز عالمی معیشت اور سماجی ترقی کے مختلف شعبوں میں نئے اور مؤثر حل تلاش کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

روسی صدارتی مشیر اور سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل اکنامک فورم کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ایگزیکٹو سیکریٹری انتون کوبیاکوف نے کہا کہ فورم میں وسیع بین الاقوامی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ عالمی سطح پر شراکت داری، تجربات کے تبادلے اور نئے اقتصادی تعاون کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اپنی اہمیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ فورم مختلف ممالک، کاروباری اداروں اور بین الاقوامی تنظیموں کو باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر کھلے اور تعمیری مکالمے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

منتظمین کے مطابق امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی کمیشن آف فائن آرٹس کے چیئرمین روڈنی میمز کک جونیئر کو فورم میں اپنا نمائندہ مقرر کیا ہے۔ وہ فورم کے مختلف سیشنز میں شرکت کریں گے، جن میں "روس اور امریکہ: ثقافتی مکالمہ" کے عنوان سے خصوصی اجلاس بھی شامل ہے۔

فورم کے دوران امریکن چیمبر آف کامرس اور روس کانگریس فاؤنڈیشن کے اشتراک سے "روس۔امریکہ بزنس ڈائیلاگ" کا بھی انعقاد کیا جائے گا، جس میں نئی عالمی اقتصادی صورتحال کے تناظر میں دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے درمیان تعاون اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

3 سے 6 جون تک جاری رہنے والے فورم میں عالمی معیشت، سرمایہ کاری، تجارت، توانائی، مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی تعاون سمیت متعدد اہم موضوعات پر اعلیٰ سطحی اجلاس اور سیشنز منعقد ہوں گے۔

ماہرین کے مطابق موجودہ عالمی اقتصادی چیلنجز کے باوجود فورم میں 130 سے زائد ممالک کی شرکت روس کی بین الاقوامی اقتصادی سرگرمیوں میں مسلسل اہم کردار اور عالمی کاروباری روابط کے فروغ کی عکاسی کرتی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں