اسحاق ڈار کا ایرانی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے برقرار رکھنے اور خطے کی صورتحال پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے لبنان میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا، انہوں نے بیروت کے بعض علاقوں پر ممکنہ حملوں سے متعلق اسرائیلی حکومت کے احکامات پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے علاقائی سفارت کاری میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان سے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھنے کی درخواست کی، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان جنگ بندی برقرار رکھنے کی کوششوں کی حمایت کرے۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے جنگ بندی کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ مفاہمتوں اور سمجھوتوں کو برقرار رکھنے کے لیے جنگ بندی کا قائم رہنا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے برقرار رہنے سے خطے میں استحکام اور امن کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں