بیروت پر حملہ ہوا تو شمالی اسرائیل کو نشانہ بنایا جائے گا، ایرانی کمانڈر کا انتباہ

تہران: (دنیا نیوز) ایران کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈ کوارٹر کے کمانڈر نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بیروت پر حملہ کیا گیا تو شمالی اسرائیل کو نشانہ بنایا جائے گا۔

ایرانی مسلح افواج کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈ کوارٹر کی جانب سے جاری بیان میں شمالی اسرائیل کے رہائشیوں کو علاقہ خالی کرنے کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔

بیان کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو خطے میں اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے ضاحیہ اور بیروت پر بمباری کی دھمکیاں دے چکے ہیں اور وہاں کے شہریوں کو انخلا کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

ایرانی کمانڈر نے کہا کہ اگر ان دھمکیوں پر عمل کیا گیا تو مقبوضہ علاقوں کے شمالی حصوں اور فوجی بستیوں کے رہائشی کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچنے کے لیے علاقے خالی کر دیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ صہیونی ریاست مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کر رہی ہے جبکہ لبنان اور غزہ میں ریڈ لائنز عبور کرنا براہ راست جنگ تصور کیا جائے گا۔

ایرانی حکام کے مطابق خطے میں کشیدگی بڑھانے کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوگی اور کسی بھی ممکنہ کارروائی کا مناسب جواب دیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں