ایران نے امریکا کو جنگ بندی پیغامات کی معطلی سے آگاہ نہیں کیا، ٹرمپ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران نے تاحال امریکا کو جنگ بندی سے متعلق پیغامات کے تبادلے کو روکنے کے بارے میں مطلع نہیں کیا۔

امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے جنگ بندی پیغامات کا تبادلہ روکنے کےفیصلے سےکوئی مسئلہ نہیں ہوگا، اس وقت کا انتظار کریں گے جب ایران امریکا کو منظور شرائط پر ڈیل کرنے کو تیار ہوگا۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ انہیں آبنائے ہرمز بند ہونے کی صورت میں تیل کی قیمتوں میں اضافے سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، اگرآپ سچ سنناچاہتے ہیں توسنیں کہ مجھے لگتا ہے کہ ہم باتیں بہت کرتے ہیں، میرے خیال میں خاموشی بہتر ہوتی ہے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کی پیغامات معطلی کامطلب یہ ہرگز نہیں کہ امریکا پھر سےبھرپور فوجی کارروائیاں شروع کردے گا، اس کا مطلب یہ نہیں کہ امریکا جا کر ایک بار پھر ایران پر بم گرانا شروع کردے گا۔

ٹرمپ نے کہا کہ ہم خاموش رہیں گے، ہم ایران کی بحری ناکا بندی جاری رکھیں گے، یہ ناکا بندی آہنی ہے۔

خیال رہے کہ ایرانی خبررساں ایجنسی تسنیم کا کہنا ہے کہ لبنان میں بڑھتے ہوئے اسرائیلی حملوں کے باعث ایرانی مذاکراتی وفد نے امریکا کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ روک دیا ہے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق ایران نے واضح کیا ہے کہ جب تک لبنان اور غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے خاتمے سے متعلق اس کے مطالبات پورے نہیں ہوتے، اس وقت تک کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں