وزیراعظم شہباز شریف سے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کالاس کی ملاقات
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے یورپی یونین کی خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کاجا کالاس نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
وزیراعظم نے کاجا کالاس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنی کثیرالجہتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے یورپی یونین-پاکستان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، سلامتی، ہجرت، پائیدار ترقی اور رابطہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ میں جی ایس پی پلس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت دوطرفہ اقتصادی روابط کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
ملاقات کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے خلیجی خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت پر یورپی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ان سفارتی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے جنوبی ایشیا کی صورتحال اور افغانستان سے متعلق پاکستان کا مؤقف بھی یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کے سامنے رکھا، یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لاین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر کاجا کالاس نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں یورپی یونین کی دلچسپی کا اظہار کیا۔