چنیوٹ کے عوام کو تمام سہولیات فراہم کرینگے :راجہ جہانگیر
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ ضلع چنیوٹ کے عوام کو بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔
صحت، تعلیم، صفائی ستھرائی اور دیگر شعبہ جات میں عوامی توقعات کے مطابق خدمات فراہم کی جائیں گی۔ڈویژنل کمشنر نے ڈسٹرکٹ پریس کلب چنیوٹ میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے تحت ضلع میں صحت، تعلیم اور ایڈمنسٹریشن سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے کمپلینٹ ڈیسک قائم کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کی شکایات بروقت ازالہ ہو سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع چنیوٹ میں ترقیاتی منصوبوں کی بہتری اور تجاویز کے لیے ایک نیا میکانزم بنایا گیا ہے ، جس میں ڈسٹرکٹ بار، صحافی، تاجران، عوامی نمائندے ، ٹکٹ ہولڈر اور سول سوسائٹی شامل ہوں گے تاکہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد مل سکے ۔