نشہ آور ادویات کی فروخت ، نوجوان نسل خطرے میں
چناب نگر (نامہ نگار )چناب نگر اور گردونواح میں نشہ آور زائد المعیاد اور غیر معیاری ادویات کی فروخت کا سلسلہ شہری حلقوں کے مطابق زور پکڑ گیا ہے ،
جبکہ متعلقہ محکموں کی مؤثر کارروائی نہ ہونے کے باعث صورتحال قابو سے باہر ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ میڈیکل سٹورز پر نوجوانوں اور نوعمر لڑکوں کی بڑی تعداد دن بھر ادویات خریدنے کے لیے موجود رہتی ہے ، جس کے نتیجے میں یہ نسل تیزی سے اس لعنت میں مبتلا ہو رہی ہے ۔ حالیہ چند ماہ کے دوران نشہ آور ادویات کے استعمال کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بھی غیر معمولی ہے ۔ذرائع کے مطابق بعض محکمے نشہ آور ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل سٹورز کی پشت پناہی کر رہے ہیں اور انہیں ماہانہ لاکھوں روپے کے بھتہ وصول کرنے کی سہولت دی جا رہی ہے ۔ شہری حلقوں نے بار بار توجہ دلانے اور شکایات کے باوجود نہ تو مالکان کے خلاف مؤثر کارروائی کی گئی اور نہ ہی اس لعنت سے چھٹکارا کے لیے عملی اقدامات کیے گئے ۔واضح رہے کہ میڈیکل سٹورز پر خواب آور گولیاں، انجکشن اور توانائی دینے والے کیپسولز کے علاوہ جنسی ادویات کے نام پر نشہ کی فروخت جاری ہے ۔ شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ نوجوان نسل کو اس خطرناک رجحان سے بچایا جا سکے ۔