وزیراعظم کی قطری ہم منصب سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

دوحہ: (دنیا نیوز) وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبدالرحمان سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قطر ہم منصب اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی سے ملاقات کی، ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی اور علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلۂ خیال، پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور سیاسی، اقتصادی اور ادارہ جاتی روابط میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، افرادی قوت و لیبر اور ثقافتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی اور ان تمام شعبوں میں تعاون کو تیز کرنے کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ ٹاسک فورس کو لازمی قرار دیا گیا۔

دونوں فریقوں نے مشترکہ وزارتی کمیشن اور دو طرفہ سیاسی مشاورت سمیت حالیہ اعلیٰ سطحی مصروفیات اور ادارہ جاتی میکانزم کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں علاقائی مسائل بشمول غزہ میں پیشرفت اور خلیج کی سلامتی کے وسیع تر امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے خطے میں مذاکرات کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لیے قطر کی تعمیری سفارتی کوششوں کو سراہا جبکہ دونوں رہنماؤں نے تنازعات کے پرامن حل اور اقوام متحدہ کے چارٹر سمیت بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی موجودہ مسائل پر رابطے میں رہنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں