اولمپئن خواجہ جنید ہاکی ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مقرر
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نئی ٹیم منجمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اولمپئن خواجہ جنید کو قومی ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔
پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور ڈویلپمنٹ کمیٹیوں کے سربراہوں نے ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین وانی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں محی الدین وانی نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا اور کہا کہ کھلاڑی صرف کھیل پر توجہ دیں اور ملک کا نام روشن کریں، انہیں ہر ممکن سہولیات دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل کے علاوہ باقی معاملات فیڈریشن خود سنبھالے گی، اچھے اور غلط فیصلوں کی ذمے داری لیں گے، کھلاڑیوں کو ضروری مراعات فراہم کی جائیں گی، کسی قسم کا غیر ضروری دباؤ نہیں ڈالا جائے گا اور پی ایچ ایف لاجسٹکس، کوآرڈینیشن اور دیگر آف فیلڈ امور کی ذمہ داری خود اٹھائے گی۔
مزیدبراں صدر نے ہاکی کی نئی ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اولمپئن خواجہ جنید کو ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔