کافی شاپ کی غلطی نے خاتون کو دنیا کی امیر ترین شخصیت بنا دیا

نوٹنگھم: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے شہر نوٹنگھم کی ایک کاروباری خاتون صوفی ڈاؤننگ اس وقت حیران رہ گئیں جب وہ اچانک دنیا کی امیر ترین خاتون بن گئیں، لیکن یہ دولت صرف کاغذوں تک محدود تھی اور ایک کافی شاپ تک ہی استعمال ہو سکتی تھی۔

نوٹنگھم پوسٹ کے مطابق 29 سالہ صوفی کو کرسمس پر ایک کافی شاپ ’ڈگری کافی 200‘ کا 10 پاؤنڈ کا گفٹ کارڈ ملا تھا، جب انہوں نے 12 فروری کو اس کارڈ سے ایک میچا لیٹے کافی خریدی تو رسید پر باقی رقم دیکھ کر وہ حیران رہ گئیں۔

رسید کے مطابق ان کے کارڈ میں 63 کوآڈریلن پاؤنڈ موجود تھے، جو کہ 63 کے بعد 15 صفر بنتے ہیں، یہ رقم دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل ایلون مسک کی دولت سے بھی تقریباً ایک لاکھ گنا زیادہ بنتی ہے۔

صوفی نے بتایا کہ انہیں یہ دیکھ کر بہت ہنسی آئی کیونکہ انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی ایسا نہیں دیکھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ کافی لینے گئیں تو کاؤنٹر پر موجود ملازم بھی رسید دیکھ کر حیران رہ گیا اور اس کے چہرے پر واضح طور پر الجھن نظر آ رہی تھی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق صوفی نے مذاق میں کہا کہ وہ کچھ وقت کیلئے کاغذوں میں دنیا کی امیر ترین خاتون ہونے کا لطف اٹھا رہی ہیں،انہوں نے یہ رسید اپنے ساتھی کو بھی دکھائی جسے یہ بہت دلچسپ لگی۔

بعد میں کافی شاپ کی انتظامیہ نے وضاحت کی کہ یہ سب ایک تکنیکی اور انتظامی غلطی کی وجہ سے ہوا، ترجمان کے مطابق گفٹ کارڈ میں رقم ڈالنے کے بجائے غلطی سے کارڈ کا نمبر ہی رقم کی جگہ درج ہوگیا تھا، جس کی وجہ سے رسید پر انتہائی بڑی رقم ظاہر ہوگئی۔

کافی شاپ نے مزید بتایا کہ حقیقت میں صارف سے صرف صحیح رقم ہی کاٹی گئی تھی اور گفٹ کارڈ میں بھی اصل رقم ہی باقی تھی، بعد میں صارف کو درست رسید بھی فراہم کر دی گئی۔

صوفی کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس صورتحال کا کوئی غلط فائدہ نہیں اٹھایا اور وہ ذمہ داری سے ہی گفٹ کارڈ استعمال کر رہی ہیں، یہ واقعہ سوشل میڈیا پربے حد دلچسپی کا باعث بنا اور لوگوں نے اسے ایک منفرد اور حیران کن غلطی قرار دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں