لائیو سٹریم میں بیوٹی فلٹر فیل، چینی انفلوئنسر کے 1 لاکھ 40 ہزار فالوورز کم ہوگئے

بیجنگ: (ویب ڈیسک) ایک چینی خاتون انفلوئنسر کی لائیو سٹریم کے دوران بیوٹی فلٹر میں اچانک خرابی آگئی جس کے باعث ان کا قدرتی چہرہ ناظرین کے سامنے آگیا۔

رپورٹس کے مطابق انفلوئنسر اپنے فالوورز کے ساتھ لائیو سیشن کررہی تھیں، وہ عموماً بیوٹی فلٹرز استعمال کرتی تھیں جو جلد کو ہموار، چہرے کو زیادہ پرکشش اور آنکھوں کو بڑا دکھاتے ہیں، تاہم سٹریم کے دوران فلٹر اچانک فیل ہوگیا اور ان کی اصل شکل نمایاں ہوگئی جس میں جلد کی قدرتی ساخت اور عمر کے اثرات واضح تھے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی جس کے بعد صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا، بعض افراد نے الزام عائد کیا کہ وہ فالوورز کو دھوکہ دے رہی تھیں جبکہ دیگر کا کہنا تھا کہ فلٹرز کا استعمال آن لائن تفریح اور ڈیجیٹل کلچر کا حصہ ہے اور اسے منفی انداز میں نہیں دیکھنا چاہیے۔

واقعے کے بعد انفلوئنسر کے تقریباً 1 لاکھ 40 ہزار فالوورز کم ہوگئے جبکہ انہیں ملنے والے تحائف اور ڈونیشنز میں بھی نمایاں کمی رپورٹ ہوئی، انفلوئنسر کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق سوشل میڈیا پر فلٹرز کا استعمال عام ہے لیکن ایسے واقعات صارفین کو یاد دلاتے ہیں کہ آن لائن پیش کی جانے والی تصویر ہمیشہ مکمل حقیقت کی عکاسی نہیں کرتی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ چین کی تیزی سے بڑھتی لائیو سٹریمنگ انڈسٹری میں صداقت، خوبصورتی کے معیارات اور آن لائن شہرت کے رجحانات پر نئی بحث چھیڑ سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں