30 فٹ گہرے کنویں میں گرنے والے ہاتھی کو بغیر کرین نکال لیا گیا

کیونجھر: (ویب ڈیسک) بھارت میں 30 فٹ گہرے کنویں میں گرنے والے ہاتھی کو بچانے کے لئے انتظامیہ نے ایک منفرد طریقہ استعمال کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ رات ریاست اڑیسہ کے جنگلاتی علاقے میں ایک نر ہاتھی 30 فٹ گہرے کنویں میں جا گرا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر کیونجھر کے محکمہ جنگلات، فائربریگیڈ اور پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ہاتھی کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق حکام نے ہاتھی کو بحفاظت باہر نکالنے کے لیے آرکیمیڈیز کے اصول سے مدد لی۔

آرکیمیڈیز کا اصول ایک یونانی سائنسدان کی دریافت ہے جس کے مطابق جب کسی چیز کو پانی میں ڈبویا جائے تو وہ اوپر کی جانب ابھرتی یا تیرنے لگتی ہے۔

اسی اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے کنویں میں دو بڑے پائپ لگا کر اس میں پانی بھرنا شروع کیا، جس کے نتیجے میں پانی کی سطح بلند ہوتی گئی اور ہاتھی بھی تیرتے ہوئے اوپر آ گیا۔

سوشل میڈیا پر اس ریسکیو آپریشن کی ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں اور صارفین بے زبان جانور کو بچانے پر انتظامیہ کی کوششوں کو سراہ رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں