امریکا کا تیل کمپنیوں کو مزید 92.5 ملین بیرل خام تیل فراہم کرنے کا اعلان

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی محکمہ توانائی نے تیل کمپنیوں کو سٹریٹجک پٹرولیم ریزرو سے مزید 92.5 ملین بیرل خام تیل قرض پر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

محکمے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کمپنیاں اس تیل کے حصول کے لئے بولی لگا سکیں گی جو بیاؤ شوکٹاو، برائن ماؤنڈ، بگ ہِل اور ویسٹ ہیک بیری کے ذخیرہ گاہوں سے فراہم کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق امریکا اس سے قبل بھی تین مرحلوں میں 126 ملین بیرل خام تیل کی پیشکش کر چکا ہے تاہم کمپنیوں نے اس میں سے 80 ملین بیرل سے بھی کم یعنی تقریباً 63 فیصد تیل حاصل کیا۔

امریکی سٹریٹجک پٹرولیم ریزرو جو ٹیکساس اور لوزیانا کے ساحلی علاقوں میں واقع چار مقامات پر زیرِ زمین ذخیرہ کیا گیا ہے اس وقت تقریباً 398 ملین بیرل خام تیل پر مشتمل ہے جو عالمی استعمال کے تقریباً چار دن کے برابر ہے۔

یہ خام تیل جون سے اگست کے دوران کمپنیوں کو فراہم کیا جائے گا جبکہ انہیں مختلف مدتوں میں آئندہ سال کے آغاز سے لیکر 2029ء کے وسط تک یہ تیل واپس کرنا ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں