سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پاکستان میں رجسٹریشن کو تیار نہیں، پی ٹی اے حکام

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) حکام نے کہا ہے کہ فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پاکستان میں رجسٹریشن کیلئے تیار نہیں ہیں۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی آئی ٹی کو رپورٹ پیش کر دی جس میں بتایا گیا ہے کہ تمام بڑی سوشل میڈیا کمپنیوں سے پاکستان میں رجسٹریشن کیلئے رابطہ کیا لیکن بڑی سوشل میڈیا کمپنیوں کی جانب سے مثبت جواب نہیں ملا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو فوجداری مقدمات کا خوف ہے، جس سے پاکستان میں دفاتر نہ کھولنے کی وجہ قرار دیا گیا ہے، پی ٹی اے کے مطابق ریگولیٹری وضاحت کا فقدان اور موجودہ کاروباری حالات بھی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں۔

پی ٹی اے نے وزیر دفاع کی اسرائیل سے متعلق پوسٹ ایکس سے ہٹانے کے معاملے پر بھی رپورٹ پیش کر دی، حذف شدہ ٹویٹ کی بحالی کیلئے شکایت کنندہ کی جانب سے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی اور اس معاملے میں تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

حکام نے بتایا کہ کسی شکایت کے موصول ہونے پر پی ٹی اے مقررہ طریقہ کار کے مطابق مناسب اقدام کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں