امریکی ایوانِ نمائندگان نے ہوم لینڈ سکیورٹی کی فنڈنگ کا بل منظور کر لیا
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ایوانِ نمائندگان نے ہوم لینڈ سکیورٹی کی فنڈنگ کا بل منظور کر لیا جس کے بعد 75 روز سے جاری شٹ ڈاؤن ختم ہونے جا رہا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق ہوم لینڈ سکیورٹی بل میں ٹرانسپورٹیشن سکیورٹی ایڈمنسٹریشن سمیت اہم اداروں کی بحالی شامل ہے، بل کی منظوری کا مقصد تقریباً 11 ہفتوں سے جاری جزوی شٹ ڈاؤن کو ختم کرنا ہے، یہ بل اب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط کیلئے بھیج دیا گیا ہے، جس پر صدر کی جانب سے آج ہی دستخط کیے جانے کا امکان ہے۔
یہ فیصلہ کئی ہفتوں تک جاری ریپبلکن جماعت کے اندرونی اختلافات کے بعد سامنے آیا، ایوانِ نمائندگان کے سپیکر مائیک جانسن کو اپنی جماعت کے معتدل ارکان کی بغاوت کا سامنا تھا، جس کے بعد پارٹی قیادت کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔
ایوانِ نمائندگان نے بل کو وائس ووٹ کے ذریعے منظور کیا جس میں وفاقی امیگریشن نافذ کرنے والے اداروں کیلئے کوئی نئی رقم شامل نہیں، جسے ڈیموکریٹس کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔