فنکار بھی انسان ہیں، مداح پرائیویسی کا احترام کریں: جگن کاظم

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف اداکارہ اور میزبان جگن کاظم نے مداح کے ساتھ پیش آنے والے اپنے بدترین تجربے کا انکشاف کیا ہے۔

جگن کاظم نے حال ہی میں ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے ایک تکلیف دہ واقعہ شیئر کیا، ان کا کہنا تھا کہ میری والدہ کی طبیعت خراب تھی اور میں شدید پریشانی میں تھی، میں خود ہسپتال جانے کی حالت میں نہیں تھی اور مارکیٹ میں کسی ایسے ڈاکٹر کو تلاش کر رہی تھی جو گھر آ کر معائنہ کر سکے۔

انہوں نے بتایا کہ میں اس صورتِ حال میں بہت پریشان تھی اور آنکھوں میں آنسو بھی تھے، اسی دوران ایک مداح لڑکی مجھے ویڈیو میں ریکارڈ کرنے لگی، میں ذہنی طور پر اس قدر دباؤ میں تھی کہ میں اسے روک بھی نہ سکی اور وہ لڑکی ویڈیو بنا کر چلی گئی۔

اداکارہ نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فنکار بھی انسان ہوتے ہیں اور انہیں بھی پرائیویسی کی ضرورت ہوتی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ سڑکوں یا عوامی مقامات پر مشہور شخصیات کی نجی زندگی کا احترام کریں، کیونکہ وہ بھی دکھ اور خاندانی مسائل سے گزرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں