نیوزی لینڈ کے کپتان کندھے کی انجری کے باعث ایک ماہ کے لیے ٹیم سے باہر

لاہور: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے وائٹ بال کپتان مچل سینٹنر کندھے کی انجری کے باعث کم از کم ایک ماہ کے لیے کرکٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق آئی پی ایل 2026 میں ممبئی انڈینز کی نمائندگی کرنے والے سینٹنر کے بائیں کندھے کے سکین میں گریڈ تھری اے سی ایل انجری کی تصدیق ہوئی ہے۔

نیوزی لینڈ کے 34 سالہ آل راؤنڈر 23 اپریل کو چنئی سپر کنگز کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ وہ اس میچ میں اپنے 4 اوورز مکمل کرانے میں کامیاب رہے مگر بیٹنگ کے لیے میدان میں نہیں آئے تھے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کا کہنا ہے کہ مچل سینٹنر کو وطن واپس پہنچنے کے بعد اسپیشلسٹ نے ایک ماہ ری ہیب اور آرام کرنے کا کہا ہے۔

واضح رہے کہ انجری کے باعث سینٹنر آئرلینڈ کے خلاف واحد ٹیسٹ اور انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں، جبکہ باقی 2 ٹیسٹ میچز کے لیے ان کی دستیابی کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

 

خیال رہے کہ سینٹنر نے آئی پی ایل 2026 میں ممبئی انڈینز کے لیے چار میچز کھیلے، جبکہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف جاری نیوزی لینڈ کی وائٹ بال سیریز میں بھی شرکت نہیں کر رہے تھے۔

توقع ہے کہ مچل سینٹنر جولائی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز تک مکمل فٹ ہو کر نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت سنبھال لیں گے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ جلد ہی آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان کرے گا، جہاں سینٹنر کی جگہ کسی نئے کھلاڑی کو موقع دیے جانے کا امکان ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں