چینی کمپنی کا انوکھا سمارٹ فون جو آگ جلانے کے کام آسکتا ہے

بیجینگ: (ویب ڈیسک) چین کی ٹیکنالوجی کمپنی نے ایک ایسا عجیب سمارٹ فون متعارف کرا دیا جو نہ صرف عام فون کی طرح کام کرتا ہے بلکہ ہنگامی حالات میں لائٹر کا کردار بھی ادا کرسکتا ہے۔

کمپنی کی جانب سے پیش کیا گیا WP 63 نامی یہ سمارٹ فون ایک الیکٹرک لائٹر سے لیس ہے، جس کا مقصد کیمپنگ یا ایمرجنسی کی صورتحال میں آگ جلانے میں مدد فراہم کرنا ہے، خاص طور پر اس وقت جب ماچس یا روایتی لائٹر دستیاب نہ ہو۔

اس فون میں ایک خصوصی الیکٹرک کوائل نصب کیا گیا ہے جو لائٹر کی طرح گرم ہو جاتا ہے، یہ کوائل حفاظتی کور کے نیچے چھپا ہوتا ہے اور ضرورت پڑنے پر باہر آتا ہے، صارفین ایک مخصوص ایپ کے ذریعے اسے کنٹرول کر کے آگ جلا سکتے ہیں۔

WP 63 میں 20 ہزار ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری دی گئی ہے جو کئی دن تک چارجنگ کے بغیر استعمال کی سہولت فراہم کرتی ہے، اس کے علاوہ فون میں ایک طاقتور لاؤڈ سپیکر بھی موجود ہے۔

مزید برآں، ڈیوائس کے اندر بلٹ اِن یو ایس بی سی کیبل بھی دی گئی ہے، جس کی مدد سے دیگر ڈیوائسز کو چارج کیا جا سکتا ہے، یوں یہ فون پاور بینک کا کام بھی سرانجام دیتا ہے۔

یہ سمارٹ فون اپنی موٹائی کی وجہ سے بھی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، اس کی موٹائی 27 ملی میٹر ہے جو عام سمارٹ فونز کے مقابلے میں خاصی زیادہ ہے۔ مضبوط باڈی کی وجہ سے اسے ایک رگڈ فون کہا جا رہا ہے۔

کمپنی نے اس منفرد فون کی قیمت 500 ڈالر مقرر کی ہے، الیکٹرک لائٹر جیسا فیچر اسے دیگر سمارٹ فونز سے بالکل مختلف بناتا ہے اور یہی خصوصیت اسے مارکیٹ میں نمایاں مقام دلا سکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں