کراچی: ’شیطانی شکل‘ کے مجسمے کا معمہ حل

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد کے علاقے مہران ٹاؤن میں ایک دکان سے برآمد ہونے والے مبینہ شیطانی شکل کے مجسمے سے متعلق پھیلنے والا معمہ حل ہوگیا۔

پولیس کے مطابق یہ مجسمہ یومِ القدس کے موقع پر احتجاجی مظاہرے میں جلانے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر شیطان کی شکل سے مشابہ مجسمے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مجسمے کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا تھا۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے وقت دکاندار موقع پر موجود نہیں تھا، تاہم کچھ دیر بعد مجسمہ بنانے والے کاریگر کو حراست میں لے لیا گیا، تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ مجسمہ تھرموپول سے تیار کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دکاندار عمران کے مطابق ایک مذہبی سکالر نے اسے یہ مجسمہ بنانے کا کہا تھا، منصوبے کے مطابق جمعہ کے روز یومِ القدس کے جلوس میں اسے بطور احتجاج نذرِ آتش کیا جانا تھا۔

پولیس نے مجسمہ بنانے والے کاریگر کا وضاحتی بیان ریکارڈ کرنے کے بعد اسے جانے کی اجازت دے دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں