وزیر خزانہ کی ایم ڈی آئی ایف سی سے ملاقات، تجارتی امور پر تبادلہ خیال
واشنگٹن :(دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہاری اجلاسوں 2026 کے موقع پر انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے مینجنگ ڈائریکٹر مختار دیوپ سے ملاقات کی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور آئی ایف سی کے مینجنگ ڈائریکٹر کے درمیان نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور کیپٹل مارکیٹس پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران انہوں نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے معاشی اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور بروقت اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے پاکستان کے لیے آئی ایف سی کی مسلسل حمایت کو سراہا، خاص طور پر مقامی کرنسی میں مالی معاونت فراہم کرنے کے کردار کو اہم قرار دیا۔
محمد اورنگزیب نے نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھانے، پیداواریت بہتر بنانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے آئی ایف سی کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
سینیٹر اورنگزیب نے آئی ایف سی سے پاکستان میں کیپٹل مارکیٹس کی ترقی کے لیے تعاون کی درخواست کی اور دیگر ممالک کے کامیاب تجربات سے استفادہ کرنے پرزور اور ٹریڈ فنانس میں آئی ایف سی کے کردار کو بھی سراہا جب کہ موجودہ حالات میں اِس کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔
اُنہوں نے زرعی شعبے میں ترقی اور جدت کے فروغ کے لیے آئی ایف سی اور وزیر اعظم کی ٹاسک فورس برائے زراعت کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر بھی باہمی تعاون کا یقین دہانی کرائی۔
وزیرخزانہ نے آئی ایف سی کی نئی حکمت عملی کو بھی سراہا، جس کے تحت ادارہ اپنے بیلنس شیٹ پر سرمایہ رکھنے کے بجائے ’اورجنیٹ اینڈ ڈسٹریبیوٹ‘ماڈل کی طرف بڑھ رہا ہے تاکہ نجی سرمایہ کاری کو زیادہ سے زیادہ متحرک کیا جا سکے۔
ملاقات میں محمد اورنگزیب نے پاکستان اور آئی ایف سی کے درمیان مضبوط شراکت داری کو مزید فروغ دینے اور نجی شعبے کے ذریعے پائیدار اقتصادی ترقی کے مشترکہ عزم کا اعادہ بھی کیا۔