اے ٹی ایم فراڈ کی روک تھام کیلئے کمرشل بینکوں کو سکیورٹی مزید سخت بنانے کی ہدایت
کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک نے اے ٹی ایم فراڈ کی روک تھام کیلئے تمام کمرشل بینکوں کو سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
مرکزی بینک کی جانب سے کہا گیا کہ بینک سی سی ٹی وی کیمرے 24 گھنٹے فعال اور مشکوک سرگرمی سے صارف کو فوری آگاہ کرنے کے پابند ہوں گے، صارفین کے تحفظ کیلئے عالمی معیار کے چِپ اینڈ پن کارڈز جاری کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ اے ٹی ایم ٹرانزیکشنز میں فراڈ روکنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے اور مشینوں میں ضروری حفاظتی آلات کی تنصیب یقینی بنائی جائے۔
مزید کہا گیا کہ اے ٹی ایم سسٹمز اور سافٹ ویئرز کو باقاعدگی سے اپڈیٹ کیا جائے اور بینکنگ نیٹ ورک کے درمیان محفوظ اورخفیہ رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق اے ٹی ایم فراڈ کا شکار ہونے کی صورت میں صارفین فوری طور پر متعلقہ بینک کی ہیلپ لائن سے رابطہ کریں، جبکہ شکایت حل نہ ہونے کی صورت میں سٹیٹ بینک کے آن لائن شکایتی پورٹل سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔