وزیر مذہبی امور کی سعودی ہم منصب سے ملاقات، حج سے متعلق امور پر گفتگو
مکہ مکرمہ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ سے ملاقات کی، جس میں حج سے متعلق مختلف امور اور حجاج کو فراہم کردہ سہولیات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیر حج و عمرہ حسن مناخرہ، سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا اور ڈی جی حج عبد الوہاب سومرو بھی شریک تھے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے بہترین حج انتظامات پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ مشاعر مقدسہ میں نت نئی سہولیات کے اقدامات خوش آئند ہیں، بسوں کے ڈراپ پوائنٹس پر تمام ممالک کے حجاج کیلئے مناسب جگہ فراہم کی جائے۔
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا کہ حرم ٹرانسپورٹ میں مزید اصلاحات لائی جا رہی ہیں جبکہ آئندہ سال حجاج کی تعداد کے مطابق ڈراپ پوائنٹس کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ مزدلفہ میں ٹرین استعمال کرنے والے حجاج کیلئے ٹوائلٹس کی تعداد بڑھا دی گئی ہے جبکہ مکہ مکرمہ کی رہائشی عمارتوں کو مطلوبہ معیار کے مطابق بنانے کیلئے اصلاحات جاری ہیں، حج 2027 کے انتظامات ایام حج کے فوری بعد شروع کئے جائیں گے۔
سعودی وزیر حج و عمرہ نے پاکستان حج مشن کی محنت اور مستعدی کو سراہتے ہوئے بروقت معاہدات مکمل کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔