89 سالہ خاتون 27ویں منزل سے ریلنگ کے سہارے نیچے اتر آئی

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں 89 سالہ خاتون نے کمرے میں بند ہونے کے بعد 27ویں منزل سے ریلنگ کے سہارے نیچے اتر آئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق معمر خاتون حادثاتی طور پر اپنے اپارٹمنٹ کے ایک کمرے میں بند ہو گئیں، ان کا موبائل فون دوسرے کمرے میں موجود تھا، جس کے باعث وہ کسی سے مدد طلب نہ کر سکیں۔

عمارت میں موجود صفائی کرنے والے ایک شخص اور سکیورٹی گارڈ نے آوازیں سنیں اور جب اوپر دیکھا تو حیران رہ گئے کہ خاتون ایئر کنڈیشنر کی حفاظتی ریلنگ کے سہارے نیچے اتر رہی تھیں، انہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی اور خاتون کو آواز دے کر ریلنگ مضبوطی سے پکڑے رکھنے کا کہا۔

تاہم خاتون مسلسل نیچے اترتی رہیں اور تھکاوٹ کے باعث جب رکیں تو وہ 21ویں منزل تک پہنچ چکی تھیں، جو زمین سے تقریباً 50 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔

ریسکیو کیلئے پہنچنے والے فائر فائٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، انہوں نے 21ویں منزل کے اپارٹمنٹ کے اندر سے حفاظتی رسی کے ذریعے خاتون کو باندھا اور ریلنگ کا ایک حصہ کاٹ کر عارضی پلیٹ فارم تیار کیا تاکہ وہ اس پر بیٹھ سکیں۔

ریسکیو ٹیم نے خاتون کو پانی اور جیکٹ فراہم کی، جبکہ تقریباً 20 منٹ آرام کے بعد ایک سٹریچر کی مدد سے پلیٹ فارم اور اپارٹمنٹ کے درمیان عارضی پل بنایا گیا اور خاتون کو بحفاظت اندر منتقل کر لیا گیا۔

خوش قسمتی سے اس پورے واقعے میں خاتون کو کوئی جسمانی چوٹ نہیں آئی، تاہم وہ شدید تھکن اور خوف کا شکار ضرور ہوئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں