پنجاب پیف ٹیک (PIFTAC) قائم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا
لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب پیف ٹیک(PIFTAC) قائم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی پراونشنل انٹیلی جنس فیوژن اسسمنٹ سینٹر آمد ہوئی جہاں اُنہیں پیف ٹیک اور امن وامان کے دیگر اُمور پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں پنجاب میں پہلی مرتبہ اینٹی ڈرون یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، مریم نواز شریف نے اینٹی ڈرون یونٹ کی منظوری دے دی اور صوبے میں فوری طور پر سائبر کرائم سیل قائم کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے مسلسل کومبنگ آپریشن کی ہدایت کی، داخلی اور خارجی راستوں پر جدید ترین سپیشل ڈیجیٹل سیکنر لگانے کے لئے فوری اقدامات کا حکم دیا۔
اُنہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے لئے خصوصی ڈیش بورڈ بھی قائم کیا جائے جب کہ دہشتگروں اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لئے وسل بلویئر سسٹم مستحکم کرنے کا بھی حکم دیا۔
مریم نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پیف ٹیک میں سائبر سکیورٹی اور دیگر اُمور کے لئے اے آئی ہب بھی قائم کی جائے گی، دہشت گردوں کی کارروائی پر ری ایکشن کی بجائے پیشگی کارروائی کی پالیسی اپنائی جائے، پنجاب کو محفوظ ترین صوبہ بنانے چاہتے ہیں، عوام کے تحفظ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔