پرائس کنٹرول پر کارروائی، 54 گرفتار ، ایک لاکھ 50 ہزارجرمانہ
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)رمضان المبارک میں پرائس کنٹرول میکینزم پر مؤثر عملدرآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ جھنگ پوری طرح متحرک ہے ۔
شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں سرگرم ہیں۔گزشتہ روز پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 2 ہزار 300 سے زائد انسپکشنز کیں، جن کے دوران خلاف ورزی کرنے والی 3 دکانیں سیل کی گئیں، 54 افراد کو گرفتار کیا گیا اور ایک لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا۔انتظامیہ کے مطابق سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے اور گرانفروشی یا ذخیرہ اندوزی کے مرتکب عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔اہم بازاروں اور مارکیٹوں میں شکایت سیل قائم کر دیے گئے ہیں، جبکہ پیرا فورس کی مانیٹرنگ بھی مسلسل جاری ہے تاکہ عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔