رمضان بازاروں میں سستی و معیاری اشیاء کی فراہمی جاری
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت قائم نگہبان رمضان بازاروں میں شہریوں کو معیاری اشیائے خورونوش سستے داموں فراہم کی جا رہی ہیں،
جہاں خریداروں کی بڑی تعداد خریداری میں مصروف ہے ۔کمشنر راجہ جہانگیر انور نے جھنگ روڈ پر قائم نگہبان رمضان بازار کا دورہ کیا اور پھلوں و سبزیوں کے سٹالز پر اشیاء کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نرخناموں کی دستیابی بھی چیک کی اور ہدایت کی کہ اشیاصرف مقررہ سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت کی جائیں۔کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو عام مارکیٹوں میں بھی متحرک رہنے اور ذخیرہ اندوزوں و گرانفروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے بازار میں موجود صارفین سے ملاقات کرکے عام مارکیٹ کے مقابلے میں قیمتوں کے فرق کے بارے میں دریافت کیا۔دریں اثناء کمشنر نے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن میں مستحق خاندانوں کو ‘‘رمضان نگہبان کارڈز’’ کی تقسیم جاری ہے اور اب تک ایک لاکھ 56 ہزار 587 خاندانوں میں فی خاندان 10 ہزار روپے فراہم کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں 71 ہزار 121، ضلع جھنگ میں 40 ہزار 67، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 22 ہزار 100 اور ضلع چنیوٹ میں 23 ہزار 299 مستحق خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈز ان کی دہلیز تک پہنچائے جا چکے ہیں۔