بلوچنی :پھل ، گوشت کھجور کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ
بلوچنی (نمائندہ دنیا )بلوچنی، کھرڑیانوالہ، جوہل اور گردونواح کے دیہاتوں میں رمضان شریف کے آغاز کے پہلے ہفتے ہی فروٹ، گوشت، کھجور اور دیگر کچن کی اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں۔
سیب 600 روپے فی کلو، کیلا 450 روپے فی درجن،سٹابری 1000 روپے فی کلو، کینو 800 روپے فی درجن اور خربوزہ 400 روپے فی کلو فروخت ہونے لگے ، جبکہ چھوٹا گوشت 2200 سے 2600 روپے فی کلو، بڑا گوشت 1200 سے 1300 روپے اور برائلر 900 گرام دھڑلے سے فروخت ہو رہا ہے ۔ اس کے ساتھ بیسن، پالک اور پکوڑوں میں استعمال ہونے والی سبزیوں کے نرخ بھی بڑھ گئے ہیں۔عوامی اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی یہ صورتحال متوسط اور غریب طبقے کے روزہ داروں کے لیے شدید پریشانی کا سبب بن رہی ہے ، اور انتظامیہ یا پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کہیں نظر نہیں آتے ۔ذرائع کے مطابق رمضان شریف سے پہلے سیب 200 روپے کلو، کیلا 100 روپے درجن، کینو 300 روپے درجن، خربوزہ 100 روپے اور اسٹابری 300 روپے کلو فروخت ہو رہی تھی، مگر پہلے روزے کے آغاز کے ساتھ ہی نرخوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا۔