دہشتگرد ی،سہولت کاروں کیخلاف کارروائی کی جائے :جمعیت اہلحدیث
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ عبدالرشید حجازی نے کوہاٹ کے نواحی علاقے شکردرہ اور بھکر میں دہشت گردوں کے حملوں میں ڈی ایس پی اسد محمود اور سات پولیس اہلکاروں سمیت نو افراد کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے
واقعہ کی شدید مذمت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر بیرونی سرپرستی اور مالی مفادات کے تحت پاکستان کی بقا، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی سازشوں میں مصروف ہیں، مگر انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ پاک فوج اور پولیس کے جوانوں کی لازوال قربانیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان نے شہید ڈی ایس پی اور دیگر اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔علامہ عبدالرشید حجازی نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف طویل عرصے سے قربانیاں دے رہا ہے ۔