سکیورٹی الرٹ شہر بھر میں ناکے کیمروں سے نگرانی
ملکی صورتحال کے پیش نظر پولیس لائنز، سرکاری دفاتر، عدالتوں، کچہریوں، مساجد، تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، مسافر اڈوں کی مانیٹرنگ ، پولیس کی پٹرولنگ بڑھا دی
فیصل آباد (عبدالباسط سے ) ملکی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر فیصل آباد پولیس نے شہر بھر میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ پولیس لائنز، سرکاری دفاتر، عدالتوں، کچہریوں، مساجد، تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، مسافر اڈوں اور دیگر حساس مقامات پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے ۔شہر کے مختلف علاقوں میں خصوصی ناکہ بندی پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ اہم شاہراہوں پر ایلیٹ فورس، ڈولفن سکواڈ اور دیگر پولیس ٹیموں کی پٹرولنگ مزید بڑھا دی گئی ہے ۔ شہر میں ہونے والی نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی کیلئے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کا عمل بھی جاری ہے ۔ضلع بھر کے تھانہ جات کی حدود میں خصوصی چیکنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جبکہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر کے چیک پوسٹیں فعال کر دی گئی ہیں۔
سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کے احکامات پر طارق مجاہد پولیس لائن، ضلع کچہری، عدالتوں، سرکاری ہسپتالوں، مسافر اڈوں، عبادت گاہوں اور دیگر اہم تنصیبات کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے ۔سیف سٹی ہیڈ کوارٹر میں کیمروں کے ذریعے شہر بھر کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے ۔ پولیس ٹیمیں داخلی و خارجی راستوں پر ہر آنے جانے والی گاڑی کو روک کر چیکنگ کر رہی ہیں جبکہ پولیس ایپس کی مدد سے مسافروں کا ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے ۔شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور ضلعی پولیس کی خصوصی ٹیمیں اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر مسلسل گشت کر رہی ہیں۔سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور شہر میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے ۔