سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی تعمیراتی نگرانی ، بااختیار کمیٹی قائم
کمیٹی میں محسن شاہ نواز رانجھا، اسامہ خان لغاری اور آغا نوید اختر شامل
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )حکومت پنجاب نے نواحی چک نمبر 405 ج ب میں زیرِ تعمیر سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے تعمیراتی کام کی مؤثر نگرانی کے لیے ایک بااختیار کمیٹی قائم کر دی ہے ، جس میں محسن شاہ نواز رانجھا، اسامہ خان لغاری اور آغا نوید اختر شامل ہیں۔سیکرٹری زراعت پنجاب کے دفتر میں اجلاس میں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں سٹرس ریسرچ اسٹیشن کی عمارت کے جاری تعمیراتی عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی کی نگرانی میں تین جدید سکرین ہاؤسز تعمیر کیے جائیں گے ، اور سکرین ہاؤسز کی تعمیر کے لیے تجربہ کار کنسٹرکشن فرموں کو ٹینڈرنگ کے عمل میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کمیٹی ٹینڈرنگ کے عمل کا ازسرِ نو جائزہ لے گی اور یہ یقینی بنائے گی کہ تمام تعمیراتی سرگرمیاں مقررہ معیار، شفافیت اور قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل ہوں۔مزید برآں، کمیٹی سٹرس بحالی پروگرام پر عملدرآمد کی ہفتہ وار پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لے گی تاکہ منصوبہ بروقت اور معیاری انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچ سکے ۔