گندے پانی سے کاشت سبزیوں کی منڈیوں میں فروخت
انتظامیہ ہمیں گندے پانی کا ٹھیکہ دیتی :ٹھیکیدار،شہریوں کاکارروائی کامطالبہ
چناب نگر(نامہ نگار)چناب نگر اور نواحی علا قوں میں گندے پانی سے کاشت شدہ سبزیوں کی فروخت جاری، گوبھی، پالک، شلجم اور مولیوں کو بعد ازاں اسی گندے پانی سے دھو کر منڈیوں میں سپلائی کیاجارہاہے جس سے شہری ہیپا ٹائٹس ودیگر موذی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں لیکن حکام نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ محکمہ صحت اور بلد یہ کے افسروں کا کہنا ہے جب بھی کوئی شکایت ملتی ہے ہم کارروائی کرتے ہیں۔ ٹھیکیداروں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ ہمیں گندے پانی کا ٹھیکہ دیتی ہے ، اگر گندا پانی مضر صحت ہے تو پھر ہمیں سبزیوں کو لگانے کیلئے لاکھوں کے عوض گندے پانی کے استعمال کا ٹھیکہ کیوں دیتے ہیں؟شہریوں نے کمشنر ، ڈپٹی کمشنر چنیوٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ گندے پانی سے کاشت سبزیوں کی فروخت اور بوائی پر فوری پابندی لگائی جائے۔