درجہ چہارم کارپوریشن ملازمین کی ترقیوں میں بے ضابطگیاں
پنجاب حکومت اورسیکرٹری بلدیات کا حکم نظرانداز،اختیارات کا ناجائز استعمال ایف اے میں تھرڈ ڈویژن ملازمین بھی ٹیسٹ دینے کیلئے اہل قراردیدیئے گئے
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)میونسپل کارپوریشن فیصل آباد میں درجہ چہارم ملازمین کی پروموشنز میں بے ضابطگیاں سامنے آگئیں، پنجاب حکومت و سیکرٹری بلدیات کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے تفصیلات کے مطابق درجہ چہارم ملازمین کی 20 فیصد کوٹہ پر وموشن کیلئے سنیارٹی لسٹ جاری کی گئی اور حکومت پنجاب سیکرٹری بلدیات کے جاری نوٹیفکیشنز کے مطابق ایف اے سیکنڈ ڈویژن امیدواران کو ٹائپنگ ٹیسٹ کیلئے شارٹ لسٹ کر کے باضابطہ ٹیسٹ لینے کے احکامات جاری ہوئے لیکن ذرائع کے مطابق شارٹ لسٹ سے نکالے گئے 3 ملازمین جو ایف اے میں تھرڈ ڈویژن رکھتے ہیں ان کو بھی ٹیسٹ دینے کا اہل قرار دے کر ان کا علیحدہ سے ٹیسٹ لینے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا قواعد و ضوابط کے مطابق ایف اے سیکنڈ ڈویژن امیدوار ہی ٹائپنگ ٹیسٹ کے اہل ہوتے ہیں لیکن ملی بھگت اور اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے ایف اے تھرڈ ڈویژن کو بھی اہل قرار دے کر پنجاب حکومت و سیکرٹری بلدیات کے احکامات کی خلاف ورزی کی گئی ۔