زرعی یونیورسٹی کیمپس ٹوبہ میں نئی کمپیوٹر لیب کا افتتاح
لیب سے طلبہ کو عملی طور پر سیکھنے کے مواقع میسر آئینگے ، ڈاکٹر ذوالفقار
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار نے سب کیمپس ٹوبہ ٹیک سنگھ میں نئی کمپیوٹر لیب کا افتتاح کر دیا ۔تقریب میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر راشد وسیم قادری ودیگر نے شر کت کی ۔اس موقع پر ڈاکٹر ذوالفقار نے کہا جدید دور میں آئی ٹی اور ڈیجیٹل مہارتوں کی اہمیت بہت بڑھ چکی ہے ، اس لیے طلبہ کو جدید کمپیوٹر لیبارٹری جیسی سہولیات فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، اس لیب کے قیام سے طلبہ کو عملی طور پر سیکھنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے جس سے انکی تعلیمی اور تحقیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا،انہوں نے مزید کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اپنے تمام ذیلی اداروں میں معیاری تعلیم کے فروغ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے ۔کمپیوٹر لیب کو 50 جدید کمپیوٹرز سے آراستہ کیا گیا ہے جو شعبہ حشرہ شناسی کے پروفیسر ڈاکٹر وسیم اکرم کی جانب سے فراہم کیے گئے ہیں۔