افسروں کو پٹرول، ڈیزل کا استعمال 15 فیصد کم کرنیکی ہدایت
ڈی سیز کومراسلہ ،کمشنر کی زیرصدارت شجرکاری مہم میں 1لاکھ پودے لگانیکا فیصلہ
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز کے احکامات پرکمشنر راجہ جہانگیر انور نے چاروں اضلاع میں سرکاری امور کی انجام دہی کے دوران پٹرول و ڈیزل کے استعمال میں آئندہ ہفتے تک 15 فیصد کمی لانے کیلئے چاروں ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ وزٹس کے حوالے سے سمارٹ پلان وضع کیا جائے تاکہ فیول میں کمی پر عملدرآمد یقینی ہو۔انہوں نے کہا ڈپٹی کمشنرز اپنے ضلعی افسروں کو اس بات کا پابند بنائیں ،پٹرول کی کمی کو بتدریج مانیٹر کیا جائے گا جبکہ عوامی سروسز فراہمی کا عمل بھی بلاتعطل جاری رہنا چاہیے ۔ دریں اثنا کمشنر راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت اجلاس میں فیصل آباد میں شجرکاری مہم پر تحریک کی صورت میں عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے جسکے تحت چاردیواری کے اندر ایک لاکھ پودے لگاکرانکی دیکھ بھال کی جائیگی ۔ سرکاری رہائش گاہوں،سکولوں وکالجوں، ہسپتالوں، پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پودے لگائے جائینگے ۔کمشنر نے ڈی جی ایف ڈی اے اور ایڈیشنل کمشنر کنسالیڈیشن کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی اور کہا کہ شجرکاری پر عید الفطر کے فوری بعد عملدرآمد کرایا جائے گا۔