کمشنر ،ڈی سی کا جڑانوالہ میں رمضان بازار ، ہسپتال کا دورہ
اشیائے خورونوش کے معیار ، قیمتوں اور طبی سہولیات کاجائزہ، ہدایات جاری
فیصل آباد،جڑانوالہ(خصوصی رپورٹر، نمائندہ دنیا)ایک دن، ایک تحصیل پروگرام کے تحت کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر) ندیم ناصر کے ہمراہ تحصیل جڑانوالہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے رمضان سہولت بازار میں پھلوں، سبزیوں،آٹا،چینی،چکن ودیگر اشیائے خورونوش کے معیار اور قیمتوں کو چیک کیا اوربہتری کی ہدایت جاری کیں۔اس موقع پر کمشنر نے کہا موثر ترین اقدامات اور مسلسل مانیٹرنگ کی بدولت نا صرف رمضان بازاروں بلکہ عام مارکیٹ میں اشیاکی قیمتیں کنٹرول میں ہیں اورپرائس کنٹرول میکنزم پر عملدرآمد کا تسلسل برقرار رہے گا۔
انہوں نے موقع پر موجود صارفین سے ملاقات عام مارکیٹ کی نسبت اشیاء کی قیمتوں میں فرق بارے دریافت بھی کیا۔انہوں نے بازار میں صفائی کا معیار ہمہ وقت یقینی بنانے کی تاکید کی۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنرنے تحصیل ہیڈ کوارٹرزجڑانوالہ کا بھی دورہ کیا اورمختلف شعبوں میں زیر علاج مریضوں کی عیادت، ادویات ہسپتال سے ملنے کی تصدیق کی۔انہوں نے سی ٹی سکین مشین سمیت دیگر مشینری کے فعال ہونے ،ٹیسٹ سہولیات،ادویات سٹور کا معائنہ کیا۔صفائی کے معیار،لواحقین کیلئے انتظار گاہ کا جائزہ لیا اور کہا کہ ہسپتالوں کو شکایات فری بنانا ترجیح ہے جس کیلئے انسپکشن کا عمل بلاناغہ جاری ہے ۔