پٹرول مہنگا ہونے پر مہنگائی کا نیا طوفان، شہری پریشان
پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کردکاندار اشیائے ضروریہ کے من مانے نرخ وصول کرنے لگے ، کرایوں میں بھی اضافہ ، کارروائی کامطالبہ
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے بعد مہنگائی کا نیا طوفان آ گیا پھلوں اور سبزیوں سمیت تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں ایک ہی روز میں مہنگائی کی نئی لہر نے شہریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ۔گرانفروشوں نے بھی پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر من مانے نرخ وصول کرنا شروع کر دئیے ضلعی انتظامیہ بے بس ہوگئی ۔پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے لٹر تک اضافے کے اس اثرات ملک بھر کی منڈیوں اور مارکیٹوں میں نظر آنا شروع ہوگئے ہیں پٹرول مہنگا ہوتے ہی ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافہ کر دیا جس سے سبزی کھیت سے منڈی اور منڈیوں سے شہروں تک آنے کے اخراجات بڑھ گئے فیصل آباد کی مختلف سبزی منڈیوں اور بازاروں میں دکانداروں نے قیمتیں بڑھا دی ہیں جسکے باعث آلو، پیاز، ٹماٹر، سبزیاں اور پھل عام شہری کی پہنچ سے باہر ہوتے جا رہے ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ بیشتر بازاروں میں مقررہ نرخوں پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، دکاندار مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں۔ پٹرول،ڈیزل مہنگا ہونے پر ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا جس سے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ براہ راست مہنگائی کو بڑھاتا ہے کیونکہ ٹرانسپورٹ اور مال برداری کے اخراجات میں اضافہ ہونے سے تقریباً ہر چیز کی قیمت متاثر ہوتی ہے ڈیزل مہنگا ہونے سے زرعی شعبہ اور مال بردار گاڑیوں کے اخراجات بھی بڑھ جاتے ہیں جس کا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑتا ہے ۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گرانفروشی پرفوری سخت کارروائی کی جائے ،سرکاری نرخناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔