شہر میں اہم شاہراہوں، چوراہوں سے تجاوزات کا خاتمہ نہ ہوسکا، ٹریفک جام معمول
کارپوریشن ،ٹریفک پولیس ودیگر اداروں کے افسرو ملازمین ریڑھی مافیا، ٹھیلہ مالکان ،عارضی و پختہ تجاوزات قائم کرنیوالے بااثر افراد کیخلاف کارروائیوں کی بجائے مبینہ نذرانے لیکر خاموش تماشائی
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)شہر بھر کی مرکزی شاہراہوں، چوراہوں اور دیگر اہم مقامات پر قائم عارضی دکانوں، ریڑھیوں، ٹھیلوں اور تجاوزات کا خاتمہ یقینی نہ بن سکا۔ تجاوزات قائم ہونے سے ٹریفک کانظام بری طرح متاثر،گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے سے شہریوں کو منزل مقصود تک پہنچنے میں کئی کئی گھنٹے لگنے لگے ۔ میونسپل کارپوریشن، ٹریفک پولیس ودیگر متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی سے اہم شاہراہیں، چوک چوراہے اور دیگر اہم مقامات قبضہ مافیا کے شکنجے میں آچکے ہیں۔ سمندری روڈ، ستیانہ روڈ، کینال روڈ، جڑانوالہ روڈ، سرگودھا روڈ، سمن آباد روڈ، ڈی ٹائپ کالونی روڈ، جھمرہ روڈ، منصور آباد روڈ سمیت شہر بھر کی مختلف شاہراہوں پر عرصہ دراز سے ہی ریڑھی مافیا اور ٹھیلہ مالکان نے قبضے قائم کرکے کئی فٹ چوڑی سڑکوں کو چند فٹ تک محدود کررکھا ہے ۔ تجاوزات کی بھرمار سے ٹریفک کی روانی بری طرح سے متاثر ہو رہی ۔ ذرائع کے مطابق ریڑھی مافیا، ٹھیلہ مالکان اور عارضی و پختہ تجاوزات قائم کرنیوالے بااثر افراد کیخلاف میونسپل کارپوریشن،ٹریفک پولیس ودیگر متعلقہ اداروں کے افسر اور ملازمین کارروائیوں کی بجائے مبینہ طور پر نذرانے وصول کرکے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔متعلقہ حکام کو متعدد بار شکایات کے باوجودتجاوزات کونہیں ہٹایاجارہا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات خاتمے کیلئے فوری عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔