لالیاں: سکول سیل ،پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کا احتجاج

لالیاں: سکول سیل ،پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کا احتجاج

سکولز کو رجسٹریشن نہ کروانے یا تجدید نہ کروانے پر سیل کیا گیا ہے

لالیاں (نمائندہ دنیا )سی ای او ایجوکیشن چنیوٹ کی ہدایات پر ضلع چنیوٹ کے 140 سکولوں میں سے تحصیل لالیاں کے 53 سکول چاند رات اور عید کے ایام میں سکولز سیل کر دئیے گئے ، جس پر پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن چنیوٹ کے ممبران نے شدید احتجاج کیا۔سی ای او ایجوکیشن اظہر سہیل نیازی کے مطابق سکولز کو رجسٹریشن نہ کروانے یا تجدید نہ کروانے پر سیل کیا گیا۔ تاہم ایسوسی ایشن کے ممبران نے کہا کہ زیادہ تر سکول رجسٹرڈ ہیں اور تجدید نہ کروانے کا قصور محکمہ ایجوکیشن اور متعلقہ اداروں کی جانب سے حائل رکاوٹیں ہیں۔لالیاں میں ہونے والے احتجاجی اجلاس میں ممبران نے بتایا فائل جمع کروانے پر رسید نہیں دی جاتی اور چھ ماہ بعد فائل گم ہونے یا جمع نہ کروانے کا عذر پیش کیا جاتا ہے ۔ ہائی جینک اور بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے مہینوں دھکے کھانے پڑتے ہیں، جس سے رجسٹریشن میں مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔ممبران نے کہا کہ پٹرول کے بہانے سکولز بند کرنا آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بند سکولز فوری کھولے جائیں، رجسٹریشن کی شرائط نرم کی جائیں اور متعلقہ ادارے آسان عمل کے لیے تعاون کریں۔ایسوسی ایشن نے تین لاکھ روپے جرمانہ لگانے کو سکولز بند کروانے کی سازش قرار دیا اور کہا کہ احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے معاملے کا فوری نوٹس لینے اور ڈی ای چنیوٹ کو مسائل حل کرنے کی ہدایات جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں