جعلی عاملوں کے شہر میں ڈیرے ، سادہ لوح افراد سے لوٹ مار
مبینہ طور پر بعض مقامات پر خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات بھی ہوئے
گوجرہ (نمائندہ دنیا)گوجرہ اور گرد و نواح میں جعلی عاملوں نے سرگرمیاں بڑھا دی ہیں، جہاں سادہ لوح خواتین و مردوں کو تعویذ، دھاگے اور دم کے نام پر لوٹا جا رہا ہے ۔تحصیل بھر میں جعلی عاملوں نے پیر کے روپ میں مختلف علاقوں میں آستانے قائم کر رکھے ہیں، جہاں لوگوں کو مختلف مسائل کے حل کے بہانے بھاری رقوم بٹوری جا رہی ہیں۔مبینہ طور پر بعض مقامات پر خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔
جبکہ جعلی عامل نہ صرف دین کا مذاق اڑا رہے ہیں بلکہ خلافِ شریعت سرگرمیوں میں بھی ملوث ہیں۔ذرائع کے مطابق تعویذ، دھاگے اور دم کے نام پر لاکھوں روپے وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ بعض عاملوں نے علاج معالجے اور ادویات کے نام پر بھی ہزاروں روپے بٹورنا شروع کر دیے ہیں۔عوامی حلقوں نے کمشنر فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ ان جعلی عاملوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو اس استحصال سے بچایا جا سکے ۔