اقوام متحدہ کا آبنائے ہرمز کیلئے نئی ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان
نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ نے آبنائے ہرمز کے لیے اقوام متحدہ کی نئی ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔
یو این کوآرڈینیٹر جارج موریرا ڈا سلوا کا کہنا ہے کہ توجہ کھاد کی ترسیل پر ہوگی، کھاد اور خام مال لے جانے والے جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کی کوششیں ہیں۔
اقوام متحدہ نے انتباہ جاری کیا ہے کہ سمندری تجارت میں خلل سے غذائی بحران کا خطرہ ہے، مشرقِ وسطیٰ، افریقہ اور ایشیا کے ممالک متاثر ہو سکتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق انسانی بحران سے بچنے کیلئے فوری اقدامات ضروری ہیں۔
قبل ازیں ایران کے نمائندے رضا نجفی نے کہا ہے کہ تہران نے اقوام متحدہ کی درخواست پر آبنائے ہرمز کے ذریعے انسانی نوعیت کی امدادی کھیپوں کی آمدورفت کو آسان اور تیز کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
اس کا مقصد جنگ کے دوران اس اہم سمندری گزرگاہ سے گزرنے والی امدادی اور زرعی سامان کی ترسیل کو برقرار رکھنا ہے تاکہ عالمی سطح پر خوراک اور دیگر ضروریات کی قلت کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔