قرآنِ مجید کی حرمت ہر مسلمان کا ایمان
لاہور: (صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی) قرآنِ مجید خالق دو جہاں کا وہ زندہ، جاوید اور لازوال کلام ہے جس کی ہر آیت چراغ ہدایت، جس کا ہر حرف آبشاررحمت اور جس کا ہر پیغام بھٹکی ہوئی انسانیت کیلئے منشور حیات ہے۔
یہ وہ عظیم الشان امانت ہے جسے رب ذوالجلال نے اپنے حبیب مکرم حضرت محمد مصطفیﷺ کے قلب اطہر پر اتارا، تاکہ ظلمتوں میں ڈوبی دنیا کو نور کی شاہراہ مل سکے، سرکش دلوں کو ایمان کی ٹھنڈک نصیب ہو اور انسان اپنے خالق و مالک کی پہچان پا سکے، ایک مومن کیلئے قرآنِ کریم اس کے ایمان کی جڑ، روح کی تسکین، عقیدے کی آبرو اور زندگی کے ہر موڑ پر رہنمائی کا ابدی دستور ہے۔
اس کلام سے محبت دراصل عشق الہٰی اور نسبتِ مصطفیٰﷺ کا آئینہ ہے اور اس کی بے پایاں تعظیم ہر صاحب ایمان کے زندہ دینی شعور کی پہچان ہے، جب دنیا کے کسی بھی گوشے میں اس مقدس صحیفے کی توہین یا بے حرمتی کا کوئی واقعہ سر اٹھاتا ہے، تو اس کی کسک کسی ایک خطے تک محدود نہیں رہتی، وہ کروڑوں مومنوں کے دلوں میں نشتر بن کر اترتی ہے، آنکھیں بے اختیار اشک بار ہو جاتی ہیں اور روحیں تڑپ اٹھتی ہیں، کیوں نہ تڑپیں؟ کہ یہ ہمارے رب کا کلام اور ہمارے محبوب آقاﷺ کی اُمت کیلئے ابدی پیغامِ ہدایت ہے۔
رب کائنات نے اس کتاب کی رفعت اور اس کے ناقابلِ شکست تحفظ کا اعلان خود اپنے ذمہ لے کر ہر شک و شبہ کا دروازہ ہمیشہ کے لئے بند کر دیا، ’’وہ بلند رتبہ کتاب جس میں کسی شک کی گنجائش نہیں، پرہیزگاروں کیلئے ہدایت ہے‘‘(البقر:2)، پھر اس کی ابدی حفاظت کا یہ عہد زرین بھی فرما دیا: ’’بیشک ہم نے اس ذکر کو نازل کیا اور بیشک ہم خود اس کی حفاظت کرنے والے ہیں‘‘ (الحجر: 9)۔
چودہ صدیوں کی طویل مسافت میں بڑی بڑی سلطنتیں مٹی میں مل گئیں، تہذیبوں کے نقش دھل گئے، زبانیں اور زمانے بدلتے رہے، مگر قرآنِ مجید آج بھی اپنے انہی اصلی الفاظ، اعراب اور ترتیب کے ساتھ کروڑوں مسلمانوں کے سینوں اور اوراق میں پوری آب و تاب سے محفوظ ہے۔
آج عالمِ انسانیت ایک انتہائی سنگین مذہبی، اخلاقی اور تہذیبی بحران کے دہانے پر کھڑی ہے، دنیا کے مختلف حصوں میں قرآنِ مجید کے مقدس نسخوں کو نذرِ آتش کرنے، پھاڑنے، پیروں تلے روندنے، ان پر نجاست و غلاظت ملنے اور پاک اوراق کو استہزا و تضحیک کا نشانہ بنانے کے واقعات نے پوری اُمت مسلمہ کے دل کو گہرے زخم دیئے ہیں۔
ذرا لمحہ بھر رک کر اس منظر کی شدت کو محسوس کیجیے، جس کتاب کو ایک مسلمان باوضو ہو کر کھولتا ہے، جسے عقیدت سے اپنے سینے سے لگاتا ہے، جس کی تلاوت سنتے ہی اس کی پلکیں بھیگ جاتی ہیں، اسی پاک کتاب کو کوئی شخص دانستہ غلاظت اور نجاست سے آلودہ کر دے! یہ منظر کسی بھی حساس اور باایمان دل کیلئے کس قدر روح فرسا اور دل شکن ہو گا، اس کا اندازہ صرف وہی کر سکتا ہے جس کے سینے میں قرآن کی محبت کی شمع روشن ہو۔
یہ واقعات محض چند اشتعال انگیز حرکات نہیں، بلکہ عالمی ضمیر کے کٹہرے میں کھڑے کڑے سوال ہیں کہ کیا مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کے بلند و بانگ دعوے صرف چند مخصوص طبقات اور مفادات کیلئے ہیں؟ کیا کسی مذہب کے مقدسات اور آسمانی کتاب کی توہین کو ’’آزادیِ اظہار‘‘ کا مقدس لبادہ اوڑھایا جا سکتا ہے؟
آزادیِ اظہار بلاشبہ ایک انسانی حق ہے، مگر کوئی بھی حق اتنا بے لگام نہیں ہو سکتا کہ دوسروں کے مذہبی جذبات کو خون کے آنسو رلائے، معاشروں میں نفرت کا زہر گھولے اور مقدسات کی تذلیل کا ذریعہ بن جائے، فکری اختلاف اور علمی مکالمے کیلئے شائستہ، باوقار اور مہذب راہیں موجود ہیں۔ مقدس صحیفوں کی بے حرمتی کسی علم، کسی تہذیب یا کسی انسانی شرافت کا ہرگز مظہر نہیں ہو سکتی۔
ملک کے اندر بھی قرآنِ کریم کی حرمت سے جڑا ایک اہم دستاویزی ریکارڈ فوری توجہ اور عملی اقدام کا متقاضی ہے، قرآنِ کریم کی بے حرمتی، آیاتِ الہٰی کا استہزا اور شعائر دین کی توہین بارگاہ الہٰی میں انتہائی سنگین جرم ہے، ارشاد ربانی ہے: ’’تم فرماؤ: کیا اللہ اور اس کی آیتوں اور اس کے رسول کے ساتھ ہنسی کرتے تھے؟ بہانے نہ بناؤ، تم اپنے ایمان کے بعد کافر ہوچکے‘‘(التوبہ: 65،66)۔
ایک اور مقام پر اللہ تعالیٰ نے آیاتِ الہٰی کے انکار اور تکبر کے انجام کو یوں بیان فرمایا: ’’بیشک جنہوں نے ہماری آیتوں کو جھٹلایا اور ان کے مقابلہ میں تکبر کیا ان کیلئے آسمان کے دروازے نہیں کھولے جائیں گے اور نہ وہ جنت میں داخل ہوں گے یہاں تک کہ اونٹ سوئی کے ناکے میں گھس جائے، اور ہم گناہگاروں کو اسی طرح سزا دیتے ہیں‘‘ (الاعراف: 40)۔
یہ ارشادات آیاتِ الہٰی سے استہزا اور ان کے مقابلے میں سرکشی و تکبر کی سنگینی کو واضح کرتے ہیں، دنیا کی عدالت سے کوئی خطا کار بچ بھی جائے، تو اللہ تعالیٰ کی عدالت کبریٰ سے کوئی نہیں بچ سکتا، وہاں ہر ذرّے اور ہر عمل کا حساب ہونا ہے، تاہم کسی مخصوص شخص کے جرم، عقیدے یا سزا کا تعین مکمل تحقیق، مستند شواہد اور مجاز عدالتی کارروائی کے بغیر نہیں کیا جا سکتا، اور قانون کو ہاتھ میں لینا، تشدد برپا کرنا یا کسی بے گناہ کو نقصان پہنچانا اسلامی تعلیمات کے صریحاً منافی ہے۔
رحمتِ عالم حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی سیرت طیبہ ہمیں یہی سنہرا اصول سکھاتی ہے کہ دین کی سربلندی اور تحفظ کیلئے استقامت، حکمت، صبر اور اخلاقی بلندی بنیادی ستون ہیں، طائف کی گھاٹیوں میں جب آپﷺ پر پتھروں کی بارش کی گئی، نعلین اقدس لہو سے بھر گئیں اور اہل طائف نے دعوت حق کو جھٹلا دیا، تب فرشتۂ پہاڑ نے عرض کیا کہ حکم ہو تو دونوں پہاڑ ان پر الٹ دیئے جائیں، مگر رحمت عالمﷺ نے ہلاکت کے بجائے ان کی نسلوں سے ایمان کی امید ظاہر فرمائی (صحیح بخاری: 3231، صحیح مسلم: 1795)۔
یہ واقعہ رہتی دنیا تک بتاتا ہے کہ تحفظ دین کی جدوجہد میں عدل، صبر، حکمت اور اصلاح کا جذبہ ہمیشہ مقدم رہنا چاہیے، قرآن کی حرمت کیلئے ہماری آواز مضبوط اور باوقار ہو، ہمارا احتجاج پرامن ہو اور ہمارا مطالبہ قانون و انصاف کے دائرے میں ہو۔
عالم اسلام کی قیادت پر بھی ایک عظیم تاریخی اور دینی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، سعودی عرب، پاکستان، ترکیہ، مصر، ملائیشیا، انڈونیشیا اور دیگر مسلم ممالک کے عوام کے دل قرآنِ کریم کی محبت سے سرشار ہیں، حرمین شریفین کے پاکیزہ ماحول سے لے کر استنبول، قاہرہ، اسلام آباد، کوالالمپور اور جکارتہ تک ایک ہی کلامِ الہٰی کی صدائیں بلند ہوتی ہیں۔
رمضان المبارک کی پرسوز راتوں میں لاکھوں مسلمان اسی قرآن کے سامنے کھڑے ہو کر آیاتِ الہٰی سنتے، اشک بہاتے اور اپنے رب سے مغفرت کی بھیک مانگتے ہیں، جب دنیا کے کسی خطے میں قرآنِ کریم کی بے حرمتی ہوتی ہے، تو یہ دکھ کسی ایک خطے یا قوم کا نہیں رہتا، پوری امتِ مسلمہ کے دلوں کا سانحہ بن جاتا ہے۔
مسلم حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اس معاملے کو رسمی مذمتی بیانات تک محدود نہ رکھیں، بلکہ اسلامی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سے مؤثر سفارتی جدوجہد کریں، اقوامِ متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کے اداروں میں مقدساتِ ادیان کے احترام کیلئے بھرپور آواز بلند کریں اور مذہبی منافرت و توہین کے واقعات کی روک تھام کیلئے عالمی سطح پر قابلِ عمل قانونی ضابطوں کی حمایت کریں، قرآن سے محبت محض انفرادی عبادت نہیں، یہ پوری امت کی مشترکہ روحانی نسبت اور تہذیبی شناخت ہے۔
27 نومبر 2026ء کو ’’یومِ حرمت قرآن و تحفظِ قرآن‘‘ کے طور پر منانے کی اپیل اسی اجتماعی بیداری کی سمت ایک اہم اور بروقت قدم ہے، اس موقع پر ملک بھر کی مساجد میں خطباتِ جمعہ کے ذریعے قرآنِ کریم کی عظمت، حرمت اور حقوق کو اجاگر کیا جائے، اور علمائے کرام، مشائخِ عظام، ائمہ مساجد، دینی تنظیمیں، قومی ذرائع ابلاغ، صحافی اور سوشل میڈیا کے ذمہ دار کارکنان اس اہم مسئلے کو بھرپور انداز میں سامنے لائیں۔
حکومتِ پاکستان سے یہ مطالبہ بھی پوری قوت سے دہرایا جائے کہ برآمد شدہ قرآنِ مجید کے نسخوں کے شرعی غسل و تطہیر کا انتظام کیا جائے، ان کی حفاظت کیلئے مستقل قانون و ضابطہ بنایا جائے اور متعلقہ مقدمات کو قانون کے مطابق جلد نمٹایا جائے، جبکہ پورے ملک میں قرآن خوانی، محافل ذکر، فہم قرآن کی نشستوں اور تعلیمی پروگراموں کا اہتمام ہو تاکہ نئی نسل کے دلوں میں قرآن کی محبت اور اس کی تعلیمات کا گہرا شعور پیدا ہو۔
رسولِ اکرمﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو قرآن سیکھے اور دوسروں کو سکھائے‘‘(صحیح البخاری: 5027)۔ ایک اور حدیث مبارکہ میں فرمایا: ’’قرآن پڑھا کرو، کیونکہ یہ قیامت کے دن اپنے پڑھنے والوں کیلئے شفاعت کرنے والا بن کر آئے گا‘‘(صحیح مسلم: 804)۔
قرآن سے حقیقی نسبت کا تقاضا یہی ہے کہ ہم اس کی تلاوت کریں، اس کا مفہوم سمجھیں، اپنی اولاد کو اس کی تعلیم دیں اور اس کے احکامات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کریں، ہمارے گھروں میں قرآن کی تلاوت، ہمارے بازاروں میں دیانت، ہمارے معاملات میں امانت، ہماری عدالتوں میں انصاف، ہماری سیاست میں صداقت اور ہمارے معاشرے میں اخوت و محبت قرآن کے پیغام کی عملی تصویر بننی چاہیے۔
آج امت مسلمہ کو اپنے باہمی اختلافات سے بلند ہو کر قرآن کے نام پر اتحاد و یکجہتی کا ثبوت دینا ہوگا، ہماری زبانیں جدا ہو سکتی ہیں، قومیتیں مختلف ہو سکتی ہیں، سرحدیں بٹی ہو سکتی ہیں، مگر ہمارا قرآن ایک ہے، ہمارا رسولﷺ ایک ہے اور ہماری روحانی نسبت ایک ہے، ہمیں قرآنِ کریم کی بے حرمتی کے خلاف ایسی منظم، باوقار اور مؤثر آواز بننا ہے جس میں علم کی روشنی، ایمان کی حرارت، اخلاق کی پاکیزگی، قانون کی پاسداری اور اتحادامت کی قوت سموئی ہوئی ہو۔
قرآن وہ نور ہے جسے کوئی طوفان بجھا نہیں سکتا، وہ پیغام ہے جسے کوئی سازش مٹا نہیں سکتی اور وہ ہدایت ہے جس کی روشنی قیامت تک انسانیت کا راستہ روشن کرتی رہے گی، اس کے مقدس اوراق کی بے حرمتی کرنے والے اپنے عمل سے انسانیت کے اخلاقی ضمیر کو زخمی کرتے ہیں، مگر قرآن کا نور ہر زمانے میں دلوں کو منور کرتا رہے گا، ہمیں اس کے تحفظ کیلئے آواز بھی بلند کرنی ہے، اس کے مقدس نسخوں کی تطہیر اور حفاظت بھی یقینی بنانی ہے، اس کے پیغام کو دنیا بھر میں عام بھی کرنا ہے اور اپنی زندگیوں کو اس کے نور سے آراستہ بھی کرنا ہے، قرآن ہماری جان کا سکون، ہمارے ایمان کا سرمایہ، نسبت مصطفیﷺ کی امانت اور ہماری حیات کا دستور ہے۔
اس کی حرمت ہمارا ایمان، اس کی عزت ہماری پہچان، اس کے مقدس نسخوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری اور اس کی تعلیمات پر عمل ہماری نجات کا راستہ ہے، 27 نومبر کا یومِ حرمت قرآن ہمیں یہی پیغام دیتا ہے کہ قرآن کی محبت کو اپنے کردار، اپنی قومی ذمہ داریوں اور اپنی اجتماعی جدوجہد میں زندہ کریں، اللہ تعالیٰ ہمیں قرآنِ کریم کی سچی محبت، اس کی تعظیم کا شعور، اس کی تعلیمات پر استقامت اور اس کے نور کو دنیا بھر میں عام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔