اسسٹنٹ کمشنر صدر کا رورل ہیلتھ سینٹر چک 30 ج ب کا دورہ
مریضوں سے ملاقات ، علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا
ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا )اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر ذوالقرنین وٹو نے رورل ہیلتھ سینٹر چک 30 ج ب کا اچانک دورہ کیا اور عملہ کی حاضری، صفائی ستھرائی اور طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران انہوں نے ہسپتال میں موجود مریضوں سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے ہسپتال کی کارکردگی پر ان کی رائے بھی لی۔اسسٹنٹ کمشنر نے ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کی مجموعی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا تاہم صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت جاری کی تاکہ مریضوں کو بہتر ماحول اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔