حکمران طبقہ غیر ضروری مراعات ختم کرے :محبوب الزماں

 حکمران طبقہ غیر ضروری مراعات ختم کرے :محبوب الزماں

صرف عوام سے قربانیوں کی توقع رکھنا ناانصافی کے مترادف ہے

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)امیر جماعتِ اسلامی پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ اگر واقعی ملک کو معاشی بحران سے نکالنا ہے تو سب سے پہلے ایوانِ اقتدار میں کفایت شعاری نافذ کرنا ہوگی۔ حکمران طبقہ بیس بیس گاڑیوں پر مشتمل طویل پروٹوکول، کروڑوں روپے کے اخراجات اور غیر ضروری سرکاری مراعات فوری طور پر ختم کرے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک حکمران خود مثال قائم نہیں کریں گے ، عوام سے قربانیوں کی توقع رکھنا ناانصافی کے مترادف ہے ۔ کفایت شعاری مہم کے نام پر عوام کو مسلسل قربانیوں کا درس دینے والے حکمرانوں کا شاہانہ طرزِ زندگی اختیار کرنا کھلی منافقت ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ آج غریب آدمی مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے ٹیکسوں کے بوجھ تلے پس رہا ہے ، جبکہ حکمرانوں کی عیاشیاں کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ یہ دوہرا معیار کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکمران سادگی اختیار کریں، سرکاری اخراجات میں نمایاں کمی لائیں اور قومی وسائل کو عوامی فلاح پر خرچ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اداروں میں فضول خرچی، غیر ضروری دوروں اور لگژری سہولیات پر فوری پابندی عائد کی جائے ۔انہوں نے زور دیا کہ وسائل کا ضیاع بند کرکے تعلیم، صحت اور روزگار جیسے بنیادی شعبوں پر توجہ دی جائے ، ورنہ کفایت شعاری مہم محض ایک نعرہ ثابت ہوگی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں